کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے صنعتی حب کراچی میں ویسٹ زون پولیس نے دو ٹارگٹ کلرز سمیت چالیس ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ و دیگر سامان برآمد کرلیا۔
ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر عامر کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے، جو علامہ طالب جوہری کے داماد مبارک رضا کاظمی کے قتل سمیت چالیس افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔
جبکہ ٹارگٹ کلر فرخ نے کے بی آر سوسائٹی میں پاک بحریہ کے سابق ملازم سلیم کو ذبح کرنے کے بعد اس کا سر سہراب گوٹھ پل پر لٹکادیا تھا۔ اسی دوران شہر کے کئی علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی مختلف کارروائیوں میں سے ایک میں مبینہ مقابلے کے بعد گینگ وار کارندہ ہلاک اور ایک ملزم گرفتار کرلیا گیا۔
ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے رات گئے لیاری کے علاقے کھڈہ مارکیٹ میں کارروائی کی، اس دوران مبینہ مقابلے کے بعد لیاری گینگ کا کارندہ اشفاق دادا ہلاک ہو گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث تھا۔
دوسری طرف گارڈن میں دھوبی گھاٹ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ اسی دوران ٹارگٹ کلرز نے شریف آباد کے علاقے میں متحدہ قومی موومنٹ کے ایک کارکن آصف کو گولیوں کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔
ڈسٹرکٹ نارتھ کراچی سیکٹر فائیو ای میں عمیر نامی نوجوان نے محبت میں ناکامی پر مہوش اور اسکی بہن سمیت تین خواتین کو گولی مارنے کے بعد خودکشی کرلی۔ فائرنگ سے مہوش ہلاک اور دوخواتین زخمی ہوئیں۔
دو منٹ چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاوید ہلاک ہو گیا۔ دوسری جانب پولیس نے منگھوپیر سلطان آباد میں کارروائی کر کے کالعدم تحریک طالبان کے کارندے ارشاد محسود کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔