اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں فساد پیدا کرنے کے لیے انقلاب کی کوئی گنجائش نہیں، عمران خان اپنے مطالبات کے ساتھ ہم سے بات کریں۔
قومی سلامتی کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دس حلقوں میں دوبارہ گنتی کے لیے کوئی بھی فارمولا تلاش کرنے کے لیے تیار ہیں، پی ٹی آئی کے مطالبات پر بغیر ہچکچاہٹ بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔
کسی کی بھی جائز شکایت سننے کو تیار ہیں جو کہتے ہیں ہم انقلاب لائیں گے پہلے بتائیں کہ انقلاب کیا ہے۔ امید ہے اپوزیشن مثبت کردار ادا کرے گی۔انھوں نے کہا کہ سیاست بہت ہو چکی اب ملک کو مسائل سے نکالنا ہو گا۔
کوئی مسئلہ عدالتوں کا ہے تو عدالتوں سے رجوع کیا جائے۔حکومت توانائی بحران کے خلاف جہاد کر رہی ہے۔ آنے والی حکومت کو مستحکم پاکستان دینا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے فراخدلی سے سب کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا۔
ملکی مسائل حل کرنے کے لیے میں خود کسی کے پاس جانے کو تیار ہوں جو بھی ملکی مسائل پر آگاہی دینا چاہے گا میں اس کو تسلیم کروںگا۔ انھوں نے کہا کہ مسائل کو بات چیت کے لیے حل کرنے میں سراج الحق اور لیاقت بلوچ کا کردار مثبت رہا۔
میں نے انھیں دعوت دی تو وہ اپنے طور پر عمران خان سے ملاقات کر کے آئے اور ان کے مطالبات میرے سامنے رکھے۔ سراج الحق نے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ دس حلقوں میں گنتی ہو جائے تو لانگ مارچ روک دیتے ہیں ، ہم ہر کسی کی جائز شکایت سننے کے لیے تیار ہیں۔