بلدیاتی انتخابات نہ کرانا توہین عدالت ہے، اظہار الحسن

Izhar ul Hassan

Izhar ul Hassan

کراچی (جیوڈیسک) سینئر وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ہماری اتحادی ہے ، ہمارے دروازے ان کے لیے کھلے ہوئے ہیں، عوامی مسائل کے حل کے لیے دونوں جماعتیں مل کر کوششیں جاری رکھیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں اپنے دفتر میں ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات میں کیا ، ایم کیو ایم کے وفد کی قیادت پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے کی ، وفد نے سندھ میں عوامی مسائل ، مقامی حکومتو ں کے نظام کے حوالے سے ہونے والی قانون سازی۔

تعلیمی نظام میں اصلاحات ، داخلہ پالیسی اور دیگر امور سے سینئر وزیر کو آگاہ کیا ، وزیر تعلیم نے ایم کیو ایم کی تجاویز کو غور سے سنا اور انھیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ تعلیمی نظام میں اصلاحات کے حوالے سے ایم کیو ایم کی مثبت تجاویز پر مکمل غور کیا جائے گا اور تمام مسائل کو اتفاق رائے سے حل کیا جائے گا۔

ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ملک میں انتخابات نہ کرائے گئے تو توہین عدالت ہو گی ، شہر میں بجلی اور پانی کا سنگین بحران ہے ، متعلقہ اداروں کو اس جانب توجہ دینا ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ بیورو کریسی کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے مگر یہاں کی بیورو کریسی بے لگام ہے اور عوام کے لیے مسائل پیدا کر رہی ہے۔

خواجہ اظہار الحسن نے مزید کہا کہ سندھ میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے لیے وزیر اعلی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے،انھوں نے کہا کہ وزیر تعلیم سے ملاقات میں انہیں نئی داخلہ پالیسی پر ایم کیو ایم کے تحفظات سے آگاہ کیا گیا ہے۔