حکمران اپنا تخت بچانے کے لئے پورے ملک کا تختہ کرنا چاہتے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری

Tahir-ul-Qadri

Tahir-ul-Qadri

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے کارکنوں کو لاہور آنے کے بجائے اپنے اپنے شہروں میں یوم شہدا ماننے اور دھرنے دینے کی ہدایت کر دی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے طاہرالقادری نے کہا کہ ملک میں ظلم کی انتہا ہوچکی ہے، پاکستان کی تاریخ میں ظلم اپنی آخری حدوں سے گزرگیا ہے، پورے پنجاب کو ماڈل ٹاؤن بنادیا گیا ہے، حکمران یہاں طلم کی وہ آگ لگانا چاہتے ہیں جس سے پورے ملک میں آگ لگ جائے گی، وہ اپنا تخت بچانے کے لئے پورے ملک کا تختہ کرنا چاہتے ہیں، گزشتہ 5 روز سے ماڈل ٹاؤن میں ہفتہ شہدا منانے والوں پر کھانا، پانی اور ادویات تک بند کردی گئی اور اب تو شہباز شریف نے لاہور آنے والے قافلوں پر گولیاں چلانے کا بھی حکم دے دیا ہے۔

پولیس کی جانب سے قافلوں پر پہلے شیلنگ کی جاتی ہے اگر وہ ثابت قدم رہتے ہیں تو ان پر سیدھی گولیاں برسائی جاتی ہیں جس کے نتیجے میں اب تک پاکستان عوامی تحریک کے 7 کارکن قتل کردیئے گئے ہیں اس کے علاوہ ہزاروں زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پر مامور نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے اہلکاروں کو دباؤ کے تحت منہاح القرآن اورمیری رہائش گاہ سے ہٹایا گیا۔ ہرجگہ کنٹینر لگا کر لوگوں کی آمدو رفت روک دیا گیا ہےجب کہ چند کنٹینرز میں آتش گیر مادے سے بھرے ہوئے ہیں جنہیں ہٹانے کی کوشش پر آگ لگ جائے گی۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والے شریف برادران کھل کر ریاستی دہشت گردی پر اتر آئے ہیں، اس وقت صورت حال یہ ہے کہ ملک کا کوئی شہری آزادی سے سفر نہیں کرسکتا، پرویز مشرف کے ایک قدم پر ان کے خلاف سنگین غداری کا مقدمہ بنا لیکن موجودہ حکومت نے گزشتہ 4 روز سے آئین معطل کررکھا ہےاور شریف برادران قوم کی جان و مال کے دشمن بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب کو سیل کرکے سڑکوں پر خندقیں کھود دی گئی ہیں۔

ہمارے کارکنوں نے کنٹینر ہٹانے کے علاوہ کہیں قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا لیکن ہم ہر ظلم، جبر، ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کے لئے تیار ہیں، ملک میں آئین، جمہوریت اور قانون تو پہلے بھی نہیں تھا لیکن اب انسانیت کا بھی جنازہ نکل گیا ہے۔

سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ ایسی صورت حال میں جب پنجاب بھر میں لوگوں کی نقل و حرکت ناممکن بن گئی ہے پاکستان عوامی تحریک، مجلس وحدت المسلمین ، مسلم لیگ (ق) اور سنی اتحاد کونسل کے 15 سے 20 ہزار کارکن گرفتار ہوچکے ہیں، اس کے پیش نظر وہ اپیل کرتے ہیں کہ کارکن اور عوام مزید اپنی جانوں کا ضیاع کا نہ کریں اور اپنے اپنے شہروں میں مقامی طور پر فوری طور یوم شہدا منائیں اور کراچی سے پشاور تک ملک کے ہر شہر، ضلع، تحصیل، یونین کونسل میں شہیدوں کی لاشیں اور زخمیوں کے ساتھ پرامن احتجاج کریں تاکہ دنیا ظلم کی اس روداد کو دیکھ سکیں کیونکہ ظالم کے ظلم کو ظاہر کرنا اللہ تعالیٰ کا حکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ امن ، ایمان، حق اور صداقت کی طاقت ساتھ ہے، ہم ظلم کا مقابلہ اپنے احتجاج کی طاقت سے کریں گے، یوم شہدا پر انقلاب مارچ کا اعلان کیا جائے گا۔