صوبے کی سڑکوں پر رکھے تمام کنٹینرز ہٹا دیئے جائیں، آئی جی پنجاب کی ہدایت

Mushtaq Sukhera

Mushtaq Sukhera

لاہور (جیوڈیسک) پولیس نے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کے حکم پر صوبے بھر کی سڑکوں پر رکھے گئے کنٹینروں کو ہٹا کر راستے کھولنے شروع کر دیئے ہیں۔

پنجاب میں سڑکوں کی بندش کے باعث عوام کی مشکلات کے پیش نظر آئی جی پنجاب نے صوبے بھر میں آر پی اوز کو سڑکوں پر رکھے کنٹینرز ہٹانے کا حکم دے دیا ہے جس کے بعد اہلکاروں نے لاہور آنے والے راستوں سے کنٹینر ہٹانا شروع کردیئے تاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کی گئی بعض سڑکوں سے رکاوٹیں نہیں ہٹائی جائیں گی۔

پولیس حکام کی جانب سے کنٹینرز کو ہٹانا کا عمل تو شروع کردیا گیا ہے لیکن انہیں ابھی مالکان کے حوالے نہیں کیا جارہا۔ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کا کہنا ہےکہ بعض سڑکوں پر سکیورٹی خدشات کی وجہ سے لگائی گئی رکاوٹوں کو نہیں ہٹایا جائے گا تاہم ان تمام راستوں سے رکاوٹیں ہٹا دی جائیں گے جہاں سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سڑکوں کی بندش کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جبکہ سڑکوں کی بندش کے باعث 2 مریض بروقت اسپتال نہ پہنچنے اور طبی امداد نہ ملنے پر اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔