گوجرانوالہ : عوامی تحریک کے کارکنوں اور پولیس میں تصادم، 55 اہلکار زخمی

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ میں پولیس اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے درمیان تصادم میں پولیس افسروں سمیت 55 اہلکار زخمی ہو گئے۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے گوجرانوالہ ٹول پلاز ہ پر بھی حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی۔

ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ کا کہنا ہے کہ لاہور جانے والے عوامی تحریک کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے گوجرانوالہ ٹول پلازا پر ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے پولیس وین اور مسافر گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے۔پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں ڈنڈوں اور پتھروں کا استعمال کیا گیا۔

زخمی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ مشتعل افراد نے ڈنڈوں کے آگے کیلیں لگائی ہوئی تھیں اور پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی ٹوٹ پڑے۔

ٹول پلازا سے گزرنے کے بعد کارکنوں نے اپنے گرفتار ساتھیوں کی رہائی کیلئے کامونکی تھانے پر بھی دھاوا بولنے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے انہیں پہلے ہی روک لیا۔ دونوں مقامات پر تصادم میں افسروں سمیت 55 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے 19 کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

سی پی او وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ جھڑپوں میں عوامی تحریک کا ایک کارکن بھی زخمی نہیں ہوا۔ پولیس سے جھڑپوں کے بعد عوامی تحریک کے کارکنان لاہور روانہ ہوگئے ہیں، جی ٹی روڈ پر ٹریفک بحال کردی گئی ہے جبکہ تمام پیٹرول پمپ اور سی این جی اسٹیشن بند ہیں۔