لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے پنجاب میں سول مارشل لاء لگا دیا ہے۔ پنجاب کو سیل کر کے پٹرول پمپ بند کر دئیے گئے ہیں۔ آزادی مارچ ہر صورت ہو گا۔ حکمرانوں نے پٹرول پمپ نہ کھولے تو عوام پیدل مارچ میں شریک ہوں گے۔
محمود الرشید کا کہنا تھا کہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ لاہور میں جگہ جگہ خندقیں کھود دی گئی ہیں۔ پٹرول پمپ بند کر دیے گئے ہیں۔ جگہ جگہ کینٹرز لگا کر راستے بلاک کر دئیے گئے ہیں۔
حکمرانوں کے اقدامات بتا رہے ہیں کہ وہ کس قدر خوفزدہ ہیں۔ محمود الرشید کا مزید کہنا تھا کہ چودہ اگست کو آزادی مارچ ہر صورت ہو گا۔ عوام کا سمندر باہر نکلے گا۔ انہوں نے کہا عوام تبدیلی اور صاف شفاف انتخابات کے لئے باہر نکل رہے ہیں۔