حکومتی فیصلے جمہوریت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں: پیپلزپارٹی

Mian Manzoor Ahmad Wattoo

Mian Manzoor Ahmad Wattoo

لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی ناکہ بندیاں، کنٹینرز لگا کر راستے بند کرنا، کریک ڈاؤن کر کے کارکنوں کی گرفتاریاں اور تشدد غیر جمہوری عمل ہے، کوئی بھی سیاسی یا جمہوری حکومت ایسے اقدامات نہیں کرتی اس قسم کے فیصلے جمہوریت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح شہری حقوق غصب کرنے سے ملک اور صوبے کے حالات مزید خراب ہوں گے اور انارکی میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ہمدردی اور عوامی تحریک کے شہدا اور زخمی کارکنان کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، ن لیگ نے فہم و فراست کا مظاہرہ نہ کرکے اپنے لئے حالات خراب کرلئے۔

قاضی احمد سعید نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عملی طور پر ناکام ہو گئی۔ عوامی تحریک کے کارکنوں کو یوم شہدا میں شرکت سے روکنا تنگ نظر پالیسی کا مظہر ہے جس کی وجہ سے صوبے میں شدید ردعمل ہوسکتا ہے۔