لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ نشتر ہسپتال ملتان خواجہ جلال الدین رومی نے گزشتہ روزگورنر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی معاشی صورت حال ، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوریت کے استحکام کے لیے مل کر کوششیں کرنا ہو ں گی۔حکومت کے ایک سال کے مختصر عرصے میں ملکی معیشت کی بہتری میں کئی مثبت اعشاریے سامنے آئے ہیں اس لئے ایسے اقدامات سے اجتناب کرنا چاہیے جن سے معاشی ترقی کا پہیہ رکنے کا خدشہ ہو۔
جلال الدین رومی نے دو واٹر فلٹریشن پلانٹ کے فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا بعدازاں گورنر پنجاب سے برطانوی ہائی کمیشن میں نئی تعینات ہونے والی پولیٹیکل کونسلر جنفر کول (Genfer Cole) نے ملاقات کی۔ گورنر نے خواہش کا اظہار کیا کہ برطانیہ کے ماہرین پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، ہیلتھ، ایجوکیشن کے علاوہ سوشل سیکٹر کے شعبوں میں اپنی معاونت فراہم کریں۔