کراچی (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ پنجاب میں اگر کوئی فورسز کو یرغمال بنائے گا تو حکومت ضرور کارروائی کرے گی، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا، لاڑکانہ پریس کلب میں لیگی رہنماؤں سلیم ضیاء اور شاہ محمد شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان خود بتائیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں، ملک میں جمہوریت ہے، جسے ڈی ریل کر نے کے لیے غیر جمہوری قوتیں میدان میں آچکی ہیں، نگراں دور میں وزیر اعظم اور پنجاب میں وزیر اعلیٰ کا نام پیپلز پارٹی نے دیا تھا تو ہم نے کیسے دھاندلی کرائی، اگر دھاندلی ہوئی ہے تو پھر خیبر پختونخوا میں بھی ہوئی ہے۔
عمران خان پہلے وہاں کی حکومت ختم کرتے ہوئے اسمبلی سے استعفی دیں، انہوں نے کہا کہ وہ قوتیں جو جمہوریت مخالف ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ وہ ووٹ کے ذریعے اقتدار میں نہیں آسکتیں ایسی غیر جمہوری حرکتیں کر رہی ہیں، ان کے دھرنے صرف اور صرف آپریشن ضرب عضب کو ناکام بنانے کے لیےہیں ،مرکزی سینئر نائب صدر شاہ محمد شاہ نے کہا کہ طالبان کے خلاف وزیرستان میں آپریشن عمران خان اورطاہر القادری کو پسند نہیں جس کے باعث ایسی غیر جمہوری حرکتیں شروع کی گئی ہیں، طاہر القادری پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، جنہیں ناکام بنایا جارہا ہے۔