مظفرآباد (جیوڈیسک) 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی کال پر آزاد کشمیر بھر سمیت دارالحکومت مظفرآباد میں کارکنوں نے عوام کو شریک کرنے کیلئے گھر گھر رابطہ مہم شروع کردی’ 14 اگست کو مظفرآباد سے ایک بڑاقافلہ جس کی قیادت ڈاکٹر لطف الرحمن کریں گے تحریک انصاف کے آزادی مارچ میں شرکت کرے گا۔
جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ۔مظفرآباد میں تحریک انصاف کی جانب سے مختلف مقامات پر دفاتر قائم کئے گئے ہیں جہاں عام شہری اپنی گاڑیوں کیساتھ لانگ مارچ میں شرکت کیلئے نام درج کرارہے ہیں۔ یہ سلسلہ گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ہے جبکہ 14 اگست کو مظفرآباد سے سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر ہزاروں افراد پر مشتمل قافلہ اسلام آباد کے دھرنے میں شرکت کرے گا۔
یہ قافلہ لانگ مارچ کی شکل میں مظفرآباد سے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگا، تحریک انصاف کے کارکنوں میں جوش وخروش پایا جاتا ہے۔کارکنوں کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ ہر صورت میں ہوگا،ملک میں تبدیلی کنفرم ہو چکی ہے۔