مظفر آباد (جیوڈیسک) آزاد جموں کشمیر میں حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہندوستانی حکام کی جانب سے اس دیہاتی کی لاش ان کے حوالے کی گئی، جس کو ہندوستان فورسز نے لائن آف کنٹرول کے پونچھ سیکٹر کے اطراف ایک مقامی گاؤں سے حراست میں لیا تھا۔
خیال رہے کہ بیالیس سالہ کالا خان جو درہّ شیر خان کے رہائشی ہیں، بدھ کے روز سے لاپتہ تھے اور مقامی لوگوں اور حکام کے مطابق اسے گشت میں مصروف ہندوستانی فوجی دستے نے اپنی حراست میں لیا تھا۔
اسسٹنٹ کمیشنر ہاجرا نے بتایا کہ ہفتے کی صبح انہیں اطلاع دی گئی کہ ہندوستان حکام ایک لاش کو ان کے حوالے کرنا چاہتے ہیں، تاہم انہوں نے اس کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
گزشتہ سال جولائی میں وادیٔ نیلم کے چار باشندے جو دوائی پودے اکھٹا کرنے کے لیے ایل او سی کے ساتھ کے علاقے میں گئے تھے، لاپتہ ہوگئے تھے، بعد میں ان کے بارے میں معلوم ہوا کہ انہیں ہندوستانی فوجیوں نے اُٹھالیا تھا اور بعد میں انہیں ہلاک کردیا تھا۔
جون 2009ء کے دوران اسی علاقے کے ایک اور شہری کو مبینہ طور پر ہندوستانی فوجی سرحد پار کرکے اُٹھا کر لے گئے تھے۔
ستمبر 2007ء میں وادیٔ نیلم کے گاؤں ڈھکی اور چکنار سے تین مرد لاپتہ ہوگئے تھے۔ ان کےرشتہ داروں نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں آزاد جموں و کشمیر کے طرف کے ایل او سی سے ہندوستانی فوجیوں نے اغوا کیا تھا۔