نوشہروفیروز (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن سندھ کے صدر محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ طاہرالقادری اور عمران خان ملک سے جمہوریت کا خاتمہ کرکے اپنی بادشاہت قائم کرنا چاہتے ہیں، اگر جمہوریت پر شب خون مارنے کی کوشش کی گئی تو ملک کے 18 کروڑ عوام جمہوریت بچانے کے لئے سڑکوں پر نکل آئیں گے، نوشہروفیروز میں پاکستان زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری عوام سے سچے نہیں ہیں بلکہ چور دروازے سے اقتدار ميں آنا چاہتے ہیں مگر انکے ارادے کامیاب نہیں ہونگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عین اس وقت جمہوری حکومت کے خلاف تحریک چلائی جارہی جس وقت پاکستان کی فوج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کررہی ہے، اس موقع پر مسلم لیگ ن کے نائب صدر سلیم ضیاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں حکومت نے ملک سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے فیصلہ کن آپریشن شروع کر رکھا ہے، آپریشن نے دہشت گردوں کی کمر توڑدی ہے اور ملک میں امن قائم ہوگیا ہے، مسلم ليگ ن یوتھ ونگ پاکستان کے کوآرڈینیٹر عقیل انجم ہاشمی نے کہا کہ طاہرالقادری اور عمران خان یہودی لابی کے لوگ ہیں، ان کا مقصد پاکستان کو تباہ کرنا ہے اور ہم ان کے ناپاک ارادے مٹی میں ملادیں گے، یوتھ سندھ کے صدر راجا خلیق الزمان انصاری اور نائب صدر نادر میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سابق حکومت کی کرپشن کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا تھا۔
جس کو مسلم لیگ نے اپنے پیروں پر کھڑا کیا اور آج ملک ترقی کی جانب گامزن ہیں ، سید شاہ محمد شاہ نے کہا کہ نواز شریف نے سیاسی دباؤ برداشت کرکے کراچی میں آپریشن کیا، جو پیپلزپارٹی کی حکومت پانچ سال میں نہيں کرسکی ، اگر ہماری حکومت نے پانچ سال پورے کئے تو ہم پورے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کردیں گے، یوتھ ونگ کے ضلع صدر عرفان میمن نے کہا کہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، کچھ نادان لوگوں سے ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی ، اس لئے وہ شور مچارہے ہيں ، اس موقع پر زین انصاری، منظور مغل، قمر راجپر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔