فیصل آباد (جیوڈیسک) پولیس تھانہ منصور آباد نے بینکوں سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والے بین الاضلاعی گینگ کے سرغنہ کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔
ڈکیت گروہ نے متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او منصور آباد نعیم عادل نے اہلکاروں کے ہمراہ نگہبان پورہ پھاٹک کے قریب چھاپہ مار کر گینگ کے سرغنہ چناب نگر کے رہائشی وقاص عرف وکی اس کے ساتھیوں منصور آباد کے ماجد اور گوجرانوالہ کے صغیر کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے جن وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ان میں پیپلز کالونی میں شہری سے 30 لاکھ روپے چھیننے والی واردات بھی شامل ہے۔
علاوہ ازیں پولیس تھانہ منصور آباد نے ایک اور کارروائی کے دوران موٹر سائیکل چھیننے والے گروہ کو بھی گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والے ملزمان کے قبضہ سے 4 موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون برآمد ہوئے۔