کراچی (جیوڈیسک) جشن آزادی پر کراچی سمیت صوبے بھر میں تحفظ کے غیر معمولی اقدامات اختیار کیے جائیں، جشن آزادی پر مزار قائد اور عوامی مقامات پر تقریبات کا انعقاد کرنیوالے اسکولوں، کالجوں کے منتظمین سے رابطے کر کے پولیس، رینجرز اور تھانوں کی سطح پر تحفظ کے اقدامات کیے جائیں۔
یہ ہدایات آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے یوم آزادی کے حوالے سے پولیس حکام کو جاری کی ہیں،انھوں نے کہا کہ جشن آزادی کے سلسلے میں ہونے والی صوبے بھر کی تقریبات کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
اور اس موقع پر شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، دریں اثنا ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ غلام قادر تھیبو نے ٹریفک پولیس کو ہدایات دی ہیں کہ شارع فیصل کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک ماڈل کے طور پر متعارف کرایا جائے۔
آئی جی ٹریفک نے عید الفطر کی تعطیلات میں شاہراہوں پر ٹریفک جام کی شکایات پر تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کرتے ہوئے، غفلت اور لاپروائی کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے، سیکشن افسران ٹریفک جام کی رپورٹ پر ٹریفک کی روانی یقینی بنائیں۔
ٹریفک سگنلز، چوراہوں اورانٹرسیکشن پر تعینات اہلکاروں کی موجودگی یقینی بنائی جائے، ڈی آئجی جی ڈی ایل برانچز شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو آسان بنائیں۔