کراچی (نعیم کھوکھر) کرسچن ڈیموکریٹک یونین آف پاکستان کے چیئر مین نعیم کھو کھر نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ آئینی اصلاحات کے لئے قائم کردہ پارلیمانی کمیٹی میں غیر مسلم اقلیتوں کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی سیکریٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں یونس بیگ، افضل انجام،امین بھٹی،ارشد کھو کھر، ویلیم شہزاد بھی موجو دتھے۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور اقلیتی عوام کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا اجلاس میں مسیحی عوام اور عبادت گاہوں کے تحفظ کے حوالے سے حکومت کو مزید موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نعیم کھو کھر نے مزید کہا کہ آج ملک بدترین انتشار اور سیاسی بحران کا شکار ہے اور ایک سال بعد ہی حکومت بدلنے کے نعرے بلند ہو رہے ہیں جو ملک و قوم کے لئے انتہائی خطرناک ہے انہوں نے سیاسی قائدین سے اپیل کی کہ وہ سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو سیاسی بحران سے نجات دلا ئیں اور عوامی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے لئے اپنا قائدانہ کردار ادا کریں۔