کراچی (جیوڈیسک) پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ میں پولیس مقابلے میں 2 دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق کراچی کےعلاقے سہراب گوٹھ مچھر کالونی میں کالعدم تنظیموں کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا جس دوران علاقے میں موجود دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس کے بعد پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی تو 2 مبینہ دہشت گردوں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا جبکہ پولیس نے مقابلے کے بعد ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔
راؤ انوار کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد کی شناخت قاری احسان اللہ کے نام سے ہوئی جو کالعدم تنظیم کا کارندہ ہے جبکہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تاحال شناخت نہیں پائی ہے۔