لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان وزیر اعظم نہ بننے کا بدلہ قوم سے نہ لیں، عمران خان ان کے مقابل الیکشن لڑیں، وہ مستعفی ہونے کیلئے تیار ہیں۔ اگر وہ ہارگئے تو ان پر عائد دھاندلی کا الزام سچا سمجھا جائے ورنہ عمران خان قوم سے معافی مانگیں ۔یہ چیلنج خواجہ سعد رفیق نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے عمران خان دھاندلی کے ثبوت لائیں، وزیراعظم نہ بننے کا بدلہ قوم سے نہ لیں۔
خواجہ سعد رفیق کے مطابق عمران خان نے اپنی کور کمیٹی کو بتا دیا ہے کہ وہ نواز شریف اور جمہوریت پر خود کش حملہ کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ عمران خان اگر حکومت گرائیں گے تو کیا انہیں کوئی حکومت کرنے دے گا؟ خواجہ سعد رفیق نے پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کو مختلف ناموں سے پکارا۔کبھی انوکھا لاڈلا کہا تو کبھی جھوٹ بولنے میں ہٹلر کا ایڈوائزر گوئیبل، ستی ساوتری نہ ہونے کا طعنہ دیا اور چابی والا بابا بھی قرار دیا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اگر ڈاکٹر طاہر القادری کو روکیں گے تو کیا عمران خان کیلئے فلائی اوور بنائیں گے ؟ انہوں نے کہا کہ پوری کوشش ہو گی لاہور میدان جنگ نہ بننے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پنڈی کی بی جمالو اور گجرات کی پھپھے کٹنی غلط مشورے دے رہی ہے۔