لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مقامی ہوٹل میں یوم آزادی کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے سیاسی معاملات کا حل مل بیٹھ کر جلد از جلد نکالنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی کوفوری انصاف چاہئے اور انہیں بنیادی ضروریات مہیا کرنا ہمارا اولین فریضہ ہونا چاہئے۔ حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی تدبر، تحمل اور برداشت سے کام لیتے ہوئے اس نازک صورت حال کی سنگینی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مفاہمتی طرز عمل کے ساتھ مذاکراتی عمل کو ترجیح دینی چاہئے۔۔
بعد ازاں چوہدری سرور سے گورنر ہاؤس میں پاکستان جسٹس پارٹی کے وفد نے ملک منصف اعوان کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پرگورنر نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے تاہم احتجاج کے نام پر عوام کے لئے مشکلات پیدا کرنا کون سی سیاست ہے ۔ سیاست میں مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے۔