سیاسی رہنماؤں کا غزہ ملین مارچ کی حمایت کا اعلان

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، قائدین، سکھ، ہندو اور اقلیتی برادری کے رہنماؤں نے غزہ کے عوام سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی درندگی کی مذمت کرتے ہوئے 17 اگست کو شارع فیصل پر جماعت اسلامی کے تحت ہونے والے غزہ ملین مارچ کو وقت کی اولین ضرورت قرار دیتے ہوئے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔

اسرائیل فلسطینیوں کا قاتل ہے۔ حکومت غزہ کے مسئلے پر فی الفور او آئی سی کا اجلاس طلب کرے۔ ان خیالات کا اظہار رہنماؤں نے ادارہ نورحق میں ہونے والی جماعت اسلامی کی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ کانفرنس کی صدارت سابق سٹی ناظم نعمت اﷲ خان ایڈووکیٹ نے کی۔نعمت اﷲ خان ایڈووکیٹ نےاے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کی کانفرنس نے یہ ثابت کردیا ہے کہ فلسطین کے مسئلے پر پاکستانی قوم اور پوری امت ایک ہے، اہل کراچی 17 مارچ کو شارع فیصل پر اسرائیلی درندگی کے خلاف سراپا احتجاج ہونگے۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کے اس اہم ایشو پر ہونے والے ملین مارچ کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور اپنے کارکنوں کے ہمراہ بھر پور شرکت کرینگے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ فلسطین میں حق اور باطل کی لڑائی جاری ہے ۔غزہ دنیا کا بہت بڑا مسئلہ ہے ملین مارچ ہم نے چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔ سینیٹر علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ آج کی یہ کانفرنس عالم اسلام کو درپیش سب سے اہم مسئلے پر ہورہی ہے آج اس سے بڑا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

سردار ہیرا سنگھ نے کہا کہ اسرائیل نے نہتے فلسطینی عوام پر جارحیت کی ہے جو قابل مذمت ہے ۔جماعت اسلامی کی اے پی سی سےڈاکٹر محمد صدیق راٹھور، محفوظ یار خان ایڈووکیٹ ،مطلوب اعوان،مرزا یوسف حسین، میر نواز خان مروت، امجد فاروق، علامہ علی کرار نقوی ،یونس سوہن خان ایڈووکیٹ، دعا زبیرسید ضیا عباس ودیگر نے بھی خطاب کیا۔