جیل اہلکاروں کو جدید اسلحہ فراہم، کراچی میں 3 نئی جیلیں تعمیر کی جائیں گی

Manzoor Hussain Wasan

Manzoor Hussain Wasan

کراچی: سینٹرل جیل کو جدید بنایا جارہا ہے، جیلوں پر حملوں کے خدشے کے پیش نظر سینٹرل جیل، حیدرآباد اور سکھر جیلیں انتہائی حساس ہیں جب کہ مٹھی میں بھی نئی جیل تعمیر کی جائے گی۔

ماہ اگست کے دوران جیلوں میں کچھ نئے لوگ آئیں گے اور کچھ جائیں گے، یہ بات سندھ کے وزیر جیل خانہ جات ، مائنز اینڈ منرل اور اینٹی کرپشن منظور حسین وسان نے پیر کو سینٹرل جیل میں جیل پولیس کو جدید اسلحے کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں صحافیوں سے گفتگو میں کہی۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں ہمارے خلاف بھی کئی مظاہرے کیے گئے، عمران خان اور طاہر القادری نہیں رکیں گے ، منظور وسان نے کہا کہ 14 اگست کی تاریخ خطرے کی گھنٹی ہے، 14 اگست کو کیا ہو گا یہ خواب میں دیکھوں گا۔

تقریب سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ سینٹرل جیل کی حالت پر خصوصی توجہ دے کر جدید بنایا جارہا ہے، جیلوں پر حملوں کے خدشات بدستور موجود ہیں، کراچی کی سینٹرل جیل ، حیدرآباد اور سکھر جیلیں انتہائی حساس ہیں۔

جیل پولیس کی تنخواہ بڑھانے کی بات چیت جاری ہے جبکہ افسران کو پلاٹ اور بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کے معاملات بھی زیر غور ہیں ، انھوں نے کہا کہ سینٹرل جیل میں 137 اہم ملزمان جبکہ 671 جرائم پیشہ قید ہیں، سزائے موت کے منتظر 444 قیدی بھی ہیں مٹھی میں نئی جیل تعمیر کی جائے گی۔

آئی جی جیل خانہ جات نصرت حسین منگن نے خطاب میں کہا کہ کراچی میں 3 نئی جیلیں تعمیر کی جائیں گی جن میں سے ہر ایک کی گنجائش 800 قیدیوں کی ہوگی، بدلتے حالات میں جیل پولیس کو جدید اسلحے کی فراہمی خوش آئند اقدام ہے۔

اندرون سندھ جامشورو میں ہائی سیکیورٹی جیل بنائی جائے گی جس میں صوبے بھر کے ہائی پروفائل قیدی رکھے جائیں گے مذکورہ جیل کی تعمیر پر ایک ارب روپے خرچ ہوں گے، معمولی جرائم پیشہ اور ہائی پروفائل قیدیوں کو ساتھ ساتھ رکھنا مناسب نہیں ہے۔

سینٹرل جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ شاکر شاہ نے بتایا کہ جیل پولیس کو200 جی تھری رائفلیں، 250 ایس ایم جی رائفلیں، 100 بارہ بور شارٹ گنز جبکہ 250 نائن ایم ایم پستول فراہم کیے گئے ہیں۔

اسی طرح جی تھری رائفلوں کی ایک لاکھ گولیاں ، بارہ بور شارٹ گن کی 25 ہزار ، نائن ایم ایم پستول کی 50 ہزار، ایس ایم جی کی ایک لاکھ گولیاں اور جی تھری رائفل کے ایک ہزار میگزین جیل پولیس کو دیے گئے ہیں 300 بلٹ پروف جیکٹیں اور ہیلمٹ بھی جیل پولیس کو ملی ہیں۔