ٹیسٹ کرکٹ میں عمر گل کا گھٹنہ بوجھ اٹھانے سے انکار کرنے لگا

Umar Gul

Umar Gul

لاہور (جیوڈیسک) عمر گل کا گھٹنہ ٹیسٹ کرکٹ کا بوجھ اٹھانے سے انکار کرنے لگا، فاسٹ بولر نے طویل فارمیٹ کو خیرباد کہنے پر غور شروع کردیا، اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کم بیک کی آخری کوشش کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق عمرگل گذشتہ سال کے آغاز میں دورئہ جنوبی افریقہ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے، پیسر مئی میں آسٹریلیا کے ایک اسپتال میں آپریشن کے بعد سے اب تک مکمل فٹنس کی بحالی کیلیے کوشاں رہے لیکن خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ابھی تک گھٹنے کے مسائل کا شکار اور بولنگ کرتے ہوئے دشواری محسوس کرتا ہوں،ڈاکٹرزکے مطابق مجھے ابھی بحالی فٹنس کا پروگرام جاری رکھنے اور جم ٹریننگ کی ضرورت ہے، اگر کوئی مجھ سے پوچھے کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیل سکتے ہو تو میرا جواب ناں میں ہوگا،البتہ میری ابھی کافی کرکٹ باقی ہے۔

میں نہیں جانتا کہ میرے بارے میں سلیکٹرز اور کوچز نے کیا حکمت عملی بنائی ہے، میری کوشش ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف اکتوبر نومبر میں یو اے ای میں شیڈول سیریز میں کم بیک کروں۔ اب تک کیریئر میں 163 ٹیسٹ اور 173 ون ڈے وکٹیں حاصل کرنے والے عمر گل نے کہا کہ فی الحال تو اپنے مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا تاہم فٹنس بحال کرنے کی پوری کوشش کروں گا، کینگروز کیخلاف سیریز کھیلنے کیلیے پُر امید ہوں لیکن اگر ایسا نہ ہوسکا تو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دوں گا۔

یاد رہے کہ پاکستان کی ورلڈ 20 ٹوئنٹی 2009 کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ بولر لاہور میں کنڈیشننگ کیمپ میں دیگرکرکٹرز کے ساتھ سخت ٹریننگ کرتے رہے، مگرانٹرنیشنل کرکٹ کیلیے درکار فٹنس کا معیار نہ ہونے کی بنیاد پر انھیں دورئہ سری لنکا کیلیے ٹیسٹ اور ون ڈے اسکواڈز میں شامل نہیں کیا گیا۔