کاروباری طبقے کی تجاویز کو پالیسیوں کا حصہ بنائیں گے، وزیر تجارت

Khurram Dastgir Khan

Khurram Dastgir Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ملکی تجارت دگنی کرنے کے لیے کاروباری طبقے کی تجاویز کو اپنی پالیسیوں کا حصہ بنائیں گے۔

برآمدات میں اضافہ وزیراعظم کے ویژن 2025 کا اہم ستون ہے جس کے لیے وزارت تجارت تمام متعلقہ حکومتی اداروں اور کاروباری طبقے کے تعاون سے دور رس نتائج کے حامل اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا، وفد کی صدارت فیڈریشن کے صدر عثمان زکریا نے کی۔

ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لیے حکومت اور کاروباری طبقے کی سوچ میں مماثلت ہے، برآمدی حجم میں اضافے کے لیے سفارشات مرتب کر رہے ہیں جس میں حکومتی اور پرائیویٹ سیکٹر کے ماہرین اور کاروباری طبقے کی تجاویز شامل ہوں گی۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی برانڈنگ اور ان کی بیرون ملک مارکیٹنگ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جس سے پاکستانی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔ انھوں نے کہا کہ تاجروں کو تجارتی سہولتیں بہم پہنچانے کے لیے شفاف میکنزم بنائیں گے۔