خطرناک فیکٹریوں کی تعداد میں اضافہ،انتظامیہ کارروائی میں ناکام

Factories

Factories

لاہور (جیوڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں خطرناک فیکٹریوں کی تعداد میں اضا فہ ہو نے لگا ضلعی حکومت خطرناک فیکٹریوں کے حوالے سے نیا سروے مکمل نہ کر سکی اور نہ ہی انتہائی خطرناک بوائلرز والی فیکٹریوں کے خلاف کوئی کارروائی کی جاسکی، متعلقہ محکمے صرف نوٹسز دینے تک ہی محدود ہو کر رہ گئے۔

فیکٹریوں میں کام کر نے والے لاکھوں مزدوروں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں، انتہائی خطرناک فیکٹریوں کو سندر انڈسٹریل اسٹیٹ مانگا منتقل کر نے کا منصوبہ بنایا گیا تھا مگر کئی بار انتظامیہ کی طرف سے نوٹس دینے کے باوجود بھی اس منصوبے پر عمل درآمد نہیں کرایا جاسکا۔

شہر میں فیکٹریوں کو چیک کرنے والے محکمے پہلے رمضان بازاروں، ڈینگی مہم، جشن آزادی کی تقریبات اور سیاسی مارچ اور دیگر کاموں میں مصروف ہیں ۔ اسی حوالے سے ڈسٹر کٹ آفیسر لیبر نعیم چوہدری نے بتایا کہ پہلے رمضان بازاروں کی وجہ سے ہم کام نہیں کرسکے ہیں اور اب پٹرول پمپوں کی صورتحال کو بہتر کیا جارہا ہے جلد ہی تمام محکمے مل کر خطرناک فیکٹریوں کے حوالے سے اقدامات کریں گے۔