گیتوں سے امن کا پیغام پہنچانا چاہتی ہوں، ریچا شرما

Richa Sharma

Richa Sharma

لاہور (جیوڈیسک) بھارتی فلموں کی معروف پلے بیک سنگر ریچا شرما نے کہا ہے کہ اپنے گیتوں کے ذریعے امن، دوستی کا پیغام پوری دنیا تک پہنچانا چاہتی ہوں۔

میوزک کی زبان امن کی زبان ہے، اس کوبولنے اورسننے والے امن پسند لوگ ہوتے ہیں۔ اس لیے خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میں نے اس پروفیشن کو اپنایا اورآج جو مقام اورشہرت میرے پاس ہے وہ صرف اورصرف میوزک کی بدولت ہے۔ لتامنگیشکر، آشا بھوسلے، کشور کمار اورمحمد رفیع کے علاوہ پاکستان سے ریشماں جی اور استاد نصرت فتح علی خاں کے گیت سن کر بہت کچھ سیکھا اوران کے گائے گیتوں نے میری گائیکی میں خوب نکھار پیدا کیا۔

ان خیالات کا اظہار ریچا شرما نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ موسیقی کوروح کی غذا کہا جاتا ہے اوریہ بات بالکل درست ہے۔ ہماری خوشیاں اورغم میوزک کے بنا ادھورے ہیں ۔ بلکہ میں تویہ سمجھتی ہوں کہ موسیقی ہماری خوشیوں کو دوبالا کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں اپنے گیتوں کی ریکارڈنگ کے موقع پراس بات کاخاص خیال رکھتی ہوں کہ ایسے گیت مارکیٹ میں متعارف کروائے جائیں جن کے ذریعے لوگوں تک امن، دوستی کا پیغام پہنچے۔ یہی وجہ ہے کہ میری گائیکی میں صوفیانہ انداز نمایاں دکھائی دیتا ہے۔