لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کی پیشکش نہ مان کر عمران خان نے تاریخ کا سب سے بڑا یو ٹرن لیا ہے، ٹیکنو کریٹ حکومت کا مطالبہ کر کے عمران خان کے تھیلے سے بلی باہر آ گئی ہے۔ جاوید ہاشمی کا موقف، نون لیگ کی جمہوری سوچ کی قربت کو ظاہر کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جاوید ہاشمی نے جمہوریت کی بات کی ہے۔ اُن کی یہ بات نون لیگ کی سوچ کی قربت کو ظاہر کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے فراخ دلی سے عدالتی کمیشن بنانے کا اعلان کیا، عمران خان نے چیف جسٹس پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا لیکن عدالتی کمیشن کی پیش کش نہ مان کر تاریخ کا سب سے بڑا یوٹرن لے لیا۔
وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ منتخب وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ آئین اور قانون میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی کوئی گنجائش نہیں۔ عمران خان نے ضدی بچے کی طرح ” میں نہ مانوں ” کی رٹ لگا رکھی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ آج سول ملٹری تعلقات کے لئے ضروری ہے کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجے۔ ملک کے مسائل حل کرنے کے لئے عسکری اور سیاسی قیادت کو ایک صفحے پر ہونا چاہئے۔
ایک سوال پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کو ملک سے باہر بھیجنے کے لئے کسی سے وعدہ نہیں کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران اور قادری کا گٹھ جوڑ ملک میں افراتفری پھیلانے کی سازش ہے۔