پاکستان میں جمہوری حکومت کی مکمل حمایت کرتے ہیں، امریکا

America

America

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں جمہوری حکومت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ تاہم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اپوزیشن کے احتجاج پر براہ راست تبصرے سےانکار کر دیا ہے۔

واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے یہ بات تحریک انصاف کے آزادی مارچ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے احتجاج پر امریکی حکومت کا کوئی موقف نہیں ہے۔

امریکا پاکستان میں جمہوری طور پر منتخب سویلین حکومت کی بھرپور حمایت کرتا ہے لیکن لوگوں کے اجتماع کے حق کا بھی احترام کرتا ہے۔ نیویارک میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان نے اپوزیشن کے احتجاج پر کسی براہ راست تبصرے سے گریز کیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل بان کی مون لوگوں کے پُرامن احتجاج کے حق اور آزادی اظہار کے ساتھ کھڑے ہیں۔