ڈاکٹر طاہر القادری کا انقلاب مارچ آج شروع ہوگا

Tahir-ul-Qadri

Tahir-ul-Qadri

لاہور (جیوڈیسک) ڈاکٹر طاہر القادری کا انقلاب مارچ آج سے شروع ہو رہا ہے ، حکومت کے خلاف یہ میچ کب تک چلے گا کوئی نہیں جانتا لیکن خود کو فٹ رکھنے کے لئے پاکستان عوامی تحریک کی خواتین کارکنوں نے خصوصی ایکسرسائز کی۔

ان کے سر پر دوپٹے اور چہرے پر رنگ بھی اب پی اے ٹی جھنڈے کا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلاب مارچ کے لئے خواتین کارکن اس مارچ کے رنگ میں رنگ چکی ہیں۔ یہ مناظر ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے باہر کے ہیں۔

اس مارچ میں نہ جانے کیا ہو لیکن ان کے پاس اپنی حفاظت کے لئے جیکٹ ہیلمٹ اور آنسو گیس سے بچنے کے لئے ماسک بھی موجود ہیں۔ جلسہ ہو یا مارچ پارٹی جھنڈے خاصی اہمیت رکھتے ہیں ان کارکنوں نے دوپٹے اور چہروں پر اپنی پارٹی جھنڈے کا رنگ جما لیا ہے۔

یوم آزادی پر نکلنے والے انقلاب مارچ کی تیاری کے لئے خواتین کارکنوں نے ترانوں کی ریہرسل بھی مکمل کر لی ہے۔ عوامی تحریک میں مرد کارکن بھی بڑی تعداد میں ہیں لیکن خواتین نے اپنے جوش و جذبے سے خود کو مرکز نگاہ بنا رکھا ہے۔