اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ سیاست دان پھونک پھونک کر قدم اٹھائیں۔ ایوان صدر اسلام آباد میں جشن آزادی کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا۔
کہ قوم یکسو ہوکر افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہو تاکہ دہشتگردی کا خاتمہ ہوسکے، افراتفری اور تشد د جیسی صورتحال سنجیدہ رویے کا تقاضہ کرتی ہے، سیاسی قائدین دانشمندانہ طرز عمل اختیار کریں۔
آئی ڈی پیز کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ بے گھر ہونے والے قبائلیوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں، قبائلیوں کیلئے ایسے انتظامات کیے جائیں کہ وہ عزت سے گھروں کو واپس جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور پر تیزی سے کام جاری ہے۔
یہ منصوبہ پورے خطے میں خوشحالی لائے گا، ملک کی تقدیر بدلنے والے منصوبوں میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان کسی ملک کے خلاف نہیں ہے، تمام پڑوسی ممالک سے دوستی اور برابری کے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں، کشمیری اور فلسطینی عوام کو جلد از جلد حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔
صدر نے کہا کہ ایسا طرز عمل اختیار کرنا چاہیے جس سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے، ملکی پالیسی کسی لسانی یا فرقہ وارانہ بنیاد پر نہیں ، برابری پر ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سیاستدان مہم جوئی نہ کریں تو ملک مثالی ترقی کرسکتا ہے، ہم آئین اور قانون کی عملداری کو یقینی بنالیں تو مسائل ختم ہوجائیں گے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک اندھیروں سے نکل آئےگا۔