کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے جمعرات کے روز زیارت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قائد اعظم ریزیڈنسی کا افتتاح کیا، اور پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف، گورنر و وزیر اعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزرا، اور سینئر بیوروکریٹس بھی موجود تھے۔
قائد اعظم ریزیڈنسی کو گزشتہ سال جون میں راکٹ حملے سے شدید نقصان پہنچا تھا۔ راکٹ حملے اور شر پسندوں کی آتش زنی سے ریزیڈنسی کا لکڑی کا بیرونی اسٹرکچر، اور قائد اعظم کے زیر استعمال رہنے والی مختلف اشیا جل کر راکھ ہو گئیں تھیں۔
واقعے کے بعد وفاقی حکومت، کچھ کاروباری حضرات اور دیگر لوگوں نے ریزیڈنسی کی بحالی میں مدد کی پیشکش کی تھی، لیکن وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اعلان کیا تھا کہ بحالی کا پورا کام بلوچستان حکومت اپنے اخراجات سے کرائے گی۔ بلڈنگ کی مکمّل بحالی پر تقریباً 14 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے، جبکہ بحالی کا کام 4 ماہ کے عرصے میں مکمّل کیا گیا۔