طاہر القادری کا مثبت کردار ادا کرنے پر گورنر پنجاب کا شکریہ

Governor Punjab,Tahir ul Qadri

Governor Punjab,Tahir ul Qadri

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے طاہر القادری کے انقلاب مارچ کو اسلام آباد جانے کی مشروط اجازت دے دی۔ طاہر القادری کو مارچ کی اجازت دلانے میں الطاف حسین، گورنر سندھ اور گورنر پنجاب نے اہم کردار ادا کیا۔ طاہر القادری نے مثبت کردار ادا کرنے پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو انقلاب مارچ کو اجازت دلوانے میں متحدہ کے قائد الطاف حسین اور ڈاکٹر عشرت العباد نے اہم کردار ادا کیا۔ ٹیلی فونک گفتگو میں طاہر القادری نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کا اانقلاب مارچ پر امن ہو گا۔ وہ تشدد پر یقین نہیں رکھتے۔ گورنر پنجاب نے طاہر القادری سے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیاسی تدبر اور اعلٰی ظرفی کا ثبوت دیا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب ہر قیمت پر عوام کے جان و مال اور املاک کا تحفظ چاہتے ہیں۔ اسی یقین دہانی پر حکومت نے انقلاب مارچ کی اجازت دی ہے۔ گورنر پنجاب نے یہ بھی بتایا کہ الطاف حسین اور ڈاکٹر عشرت العباد سے بھی مسلسل رابطہ رہا۔

ان کا بھی یہ اصرار تھا کہ مارچ کی اجازت ملنی چاہیے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ الطاف حسین نے دو مرتبہ ان سے رابطہ کیا۔ انہوں نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ وزیر اعلٰی کے پیش نظر صرف عوام کا تحفظ ہے۔ کچھ خدشات اور خطرات کے پیش نظر انقلاب مارچ کی اجازت میں تاخیر ہوئیَ۔