گوجرانوالہ: سکائوٹس لیڈرز، اساتذہ کرام اور والدین مل کر نسل نو میں نظریہ پاکستان اجاگر کریں اور ان کے اندر جذبہ حب الوطنی، اعلیٰ کردار، قائدانہ صلاحیتیں، خود اعتمادی ایثار اور قربانی کا جذبہ پیدا کریں تاکہ وہ بڑے ہو کر وطن عزیز اور آزادی کی اہمیت کو سمجھ سکیں کیونکہ ہمارا سب کچھ اسی سے ہے۔
ان خیالا ت کا اظہار صاحبزادہ سجاد چشتی ڈپٹی چیف کمشنر بوائے سکائوٹس پاکستان نے یو م ِ آزادی کے حوالے سے کیپٹن صغیر شہید بوائے سکائوٹس اوپن گروپ کے زیرِاہتمام یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کیپٹن صغیر حسین ستارئہ جرات،راشد منہاس اور عزیز بھٹی شہید بھی بچپن میں سکائوٹ رہے ہیں ۔جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی۔سجاد چشتی نے کہا کہ ہمیں اس با ت پر بھی فخر ہے کہ پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان کے پہلے چیف سکائوٹ تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری سکائوٹس طارق قریشی نے کہا کہ سکائوٹس تحریک نے بڑے بڑے محب وطن پیدا کیے ہیں اور ہم آج بھی یہ امید رکھتے ہیں کہ سکائوٹ بچے وطن عزیز کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔
گرلز کو آرڈینیٹر پنجاب سکائوٹس مس آمنہ سجادنے کہا کہ خواتین سکائوٹس بھی مادرِ ملت کی طرح ملکی اور ملی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔تقریبِ یوم ِ آزادی کے موقع پر بچوں نے وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کیئے۔آخر میں تمام بچوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔