جمہوریت کی وجہ سے آج ترقی یافتہ ملکوں نے ترقی کی، اللہ رکھا چوہدری

PML N

PML N

لاہور: مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اللہ رکھا چوہدری نے کہا ہے کہ جمہوریت کی وجہ سے آج ترقی یافتہ ملکوں نے ترقی کی، ہمیں دنیا سے سبق حاصل کرنا چاہیے، جمہوریت کے سوا کوئی راہ نجات نہیں، لوگوں کے مسائل حل کرنا ہی جمہوریت کا اصل ثمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بجلی کی کمی کو پورا کیا جاتا تو آج صنعتوں کو بجلی مل رہی ہوتی، ماضی میں پاکستان میں صرف دو ڈیم بنائے گئے، ہم اپنے دور میں بہت بڑا بھاشا ڈیم بنائیں گے، داسو ڈیم شروع کریں گے، 10 ہزار 400 میگاواٹ کے نئے منصوبے آئندہ چار سال میں لگیں گے، 15 سال کی ناکامیوں کا ملبہ ہمارے اوپر ڈالنا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے حوالے سے ہم نے قوم سے کوئی جھوٹ نہیں بولا، موجودہ دور میں لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہے، ہمیں بتایا جائے کہ وہاں کتنی ترقی ہوئی ہے، کتنے بجلی گھر لگے ہیں، قوم کے سامنے جو ایجنڈا وہ پیش کر رہے تھے وہ کہاں ہے، ہمارے دور میں روپے کی قدر مستحکم ہوئی، اقتصادی اشاریئے بہتر ہوئے، پاکستان کی ریٹنگ مستحکم قرار دی گئی، سٹاک ایکس چینج 30 ہزار کی حد عبور کر گئی۔