سری نگر (جیوڈیسک) آج بھارت کی یوم آزادی کے موقع پر کشمیری عوام بھارتی تسلط کے خلاف یوم سیاہ منا رہی ہے اور اس موقع پر پوری وادی میں ہڑتال ہے۔
کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔ جس کا مقصد بھارت کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کرکے اُس کے پاس کشمیر میں یوم آزادی منانے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔
آج پوری وادی میں کرفیو کا سا سماں ہے۔ سنسان گلیوں اور بازاروں میں غاصب سیکورٹی فورسز کے علاوہ کوئی شخص نظر نہیں آ رہا۔
اس ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دے رکھی ہے جس نے اس موقع پر پر امن مظاہرے کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ بھارت نے اس موقع پر وادی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں۔