کوئٹہ: پولیس اور ایف سی کی کارروائی، خود کش جیکٹس، اسلحہ برآمد

FC Operation

FC Operation

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ایف سی کی مشترکہ کاروائی، تین خود کش جیکٹس اور بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ شب خالد ائیر بیس اور سمنگلی ائیر بیس پر حملے کے بعد شہر کے تمام حساس علاقوں اور تنصیبات پر سیکورٹی فورسز کی مزید نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ کلی برات میں پولیس اور ایف سی کی مشترکہ کارروائی کے دوران ایک خالی مکان سے تین خود کش جیکٹس سمیت 12 دستی بم اور بھاری تعداد میں اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ مکان مالک کے حوالے سے بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

شہر کے اندرونی اور بیرونی راستوں پر بھی سیکورٹی ہائی الرٹ ہے جبکہ وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے بھی محکمہ داخلہ کے اعلی حکام کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں شہر کی موجودہ صورتحال اور امن و امان کے مسائل کو زیر غور لایا جائے گا۔