لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو پُرامن رہنے کی ہدایت کر دی، کہتے ہیں چند عاقبت نااندیش ن لیگ کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں، عوام ملک میں انتشار پھیلانے کی سازش ناکام بنا دیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو پُرامن رہنے کی ہدایت کر دی ۔ انہوں نے ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز کو شرپسند عناصر پر خصوصی نظر رکھنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ امن و امان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔
لاہور سے جاری بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان خیبر پختونحوا حکومت کی بد ترین کارکردگی چھپانے کیلئے احتجاج کر رہے ہیں ، ملک کسی بھی انارکی یا افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ ٹیکنو کریٹ حکومت کا مطالبہ کر کے چیئرمین تحریک انصاف نے غیر آئینی اور غیر جمہوری طرز عمل کا مظاہرہ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے سیاست میں جھوٹ بولنے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مطالبات غیر آئینی ہیں، عوام ملک میں عدم استحکام کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم کے استعفیٰ دینے یا مڈ ٹرم انتخابات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔