لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ و ماڈل عمائمہ ملک کی بالی ووڈ میں پہلی فلم ’’راجا نٹورلال‘‘ کی تشہیری مہم میں بھرپور شرکت، اداکارہ کے بھارت میں پرستاروں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے اور پروگرام کی شوٹنگ کے دوران پرستار تصاویر بنوانے کے ساتھ آٹو گراف بھی لیتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق عمائمہ ملک نے اپنے ساتھی اداکار عمران ہاشمی اورفلم کے ڈائریکٹر کونال دیش مکھ کے ہمراہ بھارتی چینل کے مقبول پروگرام ’’جھلک دکھلا جا‘‘ میں شرکت کی۔ اس موقع پر جہاں پروگرام کے ججز میں شامل ورسٹائل اداکارہ اور رقاصہ مادھوری ڈکشٹ، کرن جوہر اور ریموڈی سوزا نے عمائمہ ملک کی پرکشش شخصیت اور اداکاری کی تعریف کی، وہیں شومیں پرفارم کرنے والے فنکار اور شرکاء بھی عمائمہ ملک کے ساتھ تصاویر بنوانے کے ساتھ آٹوگراف لیتے رہے۔
جب اس سلسلہ میں عمائمہ ملک سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ ’’راجا نٹورلال‘‘ کی بھرپور تشہیری مہم جاری ہے۔ مجھے اندازہ نہ تھا کہ لوگ فلم کا ٹریلر دیکھنے کے بعد مجھے اتنا اچھا رسپانس دینگے۔ خاص طور پر مادھوری ڈکشٹ جیسی لیجنڈ اداکارہ کی جانب سے میری تعریف میرے لیے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے کیونکہ میں نے ان کی بہت سی فلمیں دیکھی ہیں اور ان کی اداکاری اور رقص نے مجھے ہمیشہ متاثر کیا ہے۔ واضح رہے کہ ’’راجا نٹورلال‘‘ 29 اگست کو بھارت سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں ریلیز کی جائے گی۔