نوجوان پاکستان کی تعمیر میں کردار ادا کریں : زبیر حفیظ

Lahore

Lahore

لاہور: اسلامی جمعیت پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کی تعمیر میں کردار ادا کریں، پاکستان کی پہچان اور مستقبل نوجوانوں کے کردار سے ہی وابستہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر آباد میں ٹیلنٹ ایوارڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے نوجوان محب وطن ، اسلام پسند اور محنتی ہیں وہ پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں انہیں منزل کی جانب رہنمائی کے لئے ان کی مثبت سمت میں تربیت کی جائے۔ ملک کے اندر انتشار اور نفاق کی بجائے اتحاد و یگانگت کی ضرورت ہے۔

نفرتوں نے اس ملک کی جڑیں کھوکھلا کر دیا ہے، دہشت گردی ، فرقہ واریت ، تعصب اور ٹارگٹ کلنگ نے ملک کو دنیا بھر میں بدنام کیا ہے۔ ملک کی تعمیر کا جذبہ ، جہد مسلسل اور عزم صمیم پاکستان کو ترقی یافتہ قوموں کی صفوں میں شامل کر سکتا ہے ۔زبیر حفیظ نے مزید پاکستان کی اساس کلمہ طیبہ ہے یہ بنیادجب تک مضبوط نہیں ہوگی ملک مستحکم نہیں ہوگا۔نوجوان اس ملک کا سرمایہ ہیں، ملک کی تعمیر اور خوشحالی انہی نوجوانوں کی ہاتھ میں ہے۔

قوم کی تقدیر نوجوانوں ہی نے تحریر کرنی ہے۔ جواں جذبے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ پاکستان کا مستقبل اس کے نوجوانوں کی وجہ سے تابناک ہے۔ ان کی کردار سازی اور ایک جھنڈے تلے انہیں جمع کرکے روشن پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔ نوجوان ”ہم سے ہے پاکستان” نعرے کے تحت خود کو بدلیں پاکستان بدلتا جائے گا۔ کیوں کہ ہماری وجہ سے ہی ہماری دنیا بھر میں پہچان ہوگی۔