اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ نہیں کر سکتی اور لگتا ہے وزیر اعظم استفی نہیں دیں گے۔
خورشید شاہ نے تحریک انصاف کے آزادی مارچ پر پتھراؤ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جلسے پر پتھراؤ کی روایت نہ ڈالی جائے ایسے مواقع پر شرپسند عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کو لانگ مارچ کی اجازت دے کر اچھا قدم اٹھایا۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اپنے کارکنوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرے اور عمران خان کے قافلے پر پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کا فائدہ اٹھاکر شرپسند کارروائی کر سکتے ہیں۔