ریڈ لائن عبور کرنیوالوں پر ربڑ کی گولی کے ساتھ فائرنگ بھی کی جا سکتی ہے، چوہدری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے لکھ کردیا ہے کہ ریڈ لائن عبور نہیں کی جائے گی اور اگر ایسا کیا گیا تو خلاف ورزی کرنے والوں پر ربڑ کی گولیاں چلائی جائیں گیں۔

چوہدری نثارعلی کا کہنا ہے کہ 30 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں نے اسلام آباد کی سیکیورٹی سنبھال لی جبکہ لانگ مارچ کی سیکیورٹی کے لئے خیبرپختونخوا سے 3 ہزار ایف سی اہلکاروں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ نیازی نے لکھ کر دیا تھا کہ ریڈ لائن عبور نہیں کی جائے گی تاہم اگر شرکا کی جانب سے قانون توڑنے کی کوشش کی گئی تو ان کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے۔

چوہدری نثار نے واضح کیا کہ فوج، رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں نے جلسہ گاہ کو حصار میں لے لیا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور عوامی تحریک کے انقلاب مارچ کو زیرو پوائنٹ پر روکا جائے گا جہاں زیرو پوائنٹ کے ایک جانب آزادی مارچ اور دوسری جانب انقلاب مارچ پڑاؤ ڈالے گا۔