پشاور (جیوڈیسک) پشاور اور گردونواح میں تیز آندھی اوربارش کے باعث مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 15افراد جاں بحق جبکہ 60سے زائد زخمی ہوگئے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ اور پنجاب نے متاثرہ افراد کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ پشاور میں جمعے کی شام تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، آندھی سے متعدد کچے مکانوں کی چھتیں گرگئیں جبکہ متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے، اخون آباد، نوتھیہ اور وزیرباغ میں چھتیں اور دیوار گرنےسے درجنوں افراد زخمی ہوکر اسپتال پہنچ گئے اور کئی نےاسپتال میں دم توڑ دیا۔وزیر اعلیٰ پرویز خٹک تو اس وقت اسلام آباد کے لانگ مارچ میں شریک ہیں لیکن انہوں نے پشاور میں جاں بحق افراد کے ورثا کو 3,3 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50,50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے اسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے پشاور میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔ جبکہ پشاور میں بارشوں سے متاثرہ افراد کی امداد کےلئے 12 ٹرک آج پشاور روانہ کرنے کابھی اعلان کیا ہے۔