اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آج تین بجے سے اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔ رات گئے جلسے سے خطاب میں کہاکہ میاں صا حب جب ایمپائر کی انگلی اوپر چلی جاتی ہے تو پویلین واپس جانا پڑتا ہے۔
ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ نوازشریف ا ستعفیٰ دیں ۔عمران خان اپنا آزادی مارچ لے کر 40گھنٹوں میں لاہور سے اسلام آباد پہنچے ۔ کپتان اور ان کے سونامی کا استقبال بارش نے کیا۔آسمان سے بارش برستی رہی تو کشمیر روڈ پر واقع آبپارہ چوک پر جلسے کے دوران عمران خان موجودہ حکومت پر برستے رہے ۔سابق کرکٹر نے اپنے حریف میاں نوازشریف کو کرکٹ ٹرمز میں بھی للکارا ۔کہنے لگے کہ جب ایمپائر انگلی اٹھادے تو پویلین واپس جانا پڑھتاہے، باری ختم ہوجاتی ہے۔
عمران خان نے آج دوپہر تین بجے سے اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ہم اس وقت تک نہیں اٹھیں گے جب تک نوازشریف استعفیٰ نہیں دے دیتے ۔عمران خان نے خود پر لگائے گئے الزامات بھی مسترد کردئیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت ڈی ریل کرنے نہیں آئے، یہاں جمہوریت ہوں تو ڈی ریل کریں ، نوازشریف اس ملک کے وزیراعظم نہیں، نئے الیکشن ہوں گے، نئی حکومت آئے گی اور نیا پاکستان بنے گا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے کارکنوں پر بھی زور دیا اور کہا کہ ہمیں قوم کی تقدیر بدلنے کا موقع ملا ہے، اسے ضائع نہیںکرنا چاہیے، ملک کو حقیقی آزادی دلانے میں ہماری جان بھی چلی جائے تو حرج نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہم کسی صورت الیکشن کو قبول نہیں کریں گے، اگر قبول کرلیا تو پاکستان کی جمہوریت کی تباہی میں ہمارا بھی ہاتھ ہوگا۔