گجرانوالہ (جیوڈیسک) عدالت نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے آزادی مارچ پر پتھراؤ کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما سلمان خالد عرف پومی بٹ اور ان کے 7 ساتھیوں کو ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔
پولیس نے آزادی مارچ پر پتھراؤ کے الزام میں سلمان خالد عرف پومی بٹ سمیت 7 ملزمان کو جوڈیشل میجسٹریٹ رانا شہریار کی عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر پولیس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔
عدالت نے فریقین کے موقف سننے کے بعد پومی بٹ سمیت 7 دیگر ملزمان کی ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔
واضح رہے کہ پومی بٹ مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی عمران خالد بٹ کے بھائی ہیں اور ان پر تحریک انصاف کے آزادی مارچ پر پتھراؤ کرنے والے افراد کی سرپرستی کا الزام ہے۔