ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی نے کہا کہ ان کے فلمساز مہیش بھٹ کے ساتھ تعلقات کبھی کشیدہ نہیں ہوئے اور اس حوالے سے سامنے آنیوالی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
میڈیا میں ایسی خبریں آئی تھیں کہ عمران ہاشمی کی طرف سے مہیش بھٹ کی فلم مسٹر ایکس پرفلمساز کو نال دیش مکھ کی فلم راجہ نٹور لال کو ترجیح دینے پر مہیش ان سے سخت ناراض ہیں اور ان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں۔
اپنی فلم کی ایک پروموشل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران ہاشمی نے کہا کہ وہ مہیش بھٹ کے رشتے میں بھانجے بھی ہیں اور ہم دونوں کے درمیان اچھی دوستی ہے۔
مہیش کبھی ان سے چھوٹی موٹی وجوہات کی بنا پر ناراض نہیں ہوتے، وہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت راجہ نٹور لال کی پروموشن سب سے ضروری ہے کیونکہ فلم جلد ریلیز ہونیو الی ہے، اس لئے مہیش اور وکرم بھٹ نے مسٹر ایکس کی عکس بندی کے شیڈول میں ردو بدل کر دیا ہے تاکہ ان کی تشہیری مہم متاثر نہ ہو اور فراغت پر وہ اس فلم کی بغیر کسی ذہنی دبائو کے عکسبندی بھی کروا لیں۔مسٹر ایکس میں عمران ہاشمی ایک غیر معمولی روپ میں دکھائی دیں گے۔