واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیرخارجہ جان کیری براعظم ایشیا اور بحرالکاہل کے ملکوں کا آٹھ روز دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس امریکہ پہنچ گئے ہیں۔ اِس دورے کے دوران کیری افغانستان، میانمار، آسٹریلیا اور سولومن جزائر گئے۔
امریکی شہر ہونولولو کے تھنک ٹینک ایسٹ ویسٹ سینٹر کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جان کیری نے واضح کیا کہ چین اور امریکہ کے درمیان تعلقات بہت اہم ہیں۔
ایک مستحکم چین پورے خطے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کر سکتا ہے۔ کیری نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ اس سارے خطے میں سٹرٹیجک مخالفت و مسابقت سے ہر ممکن طریقے سے اجتناب کیا جائے۔ کیری نے کہا کہ ایک خوشحال اور پرامن چین کے ابھرنے کا امریکہ خیرمقدم کرتا ہے۔