کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں گڈاپ ٹاؤن، گلشن اقبال اور بلدیہ ٹاؤن کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کی جانب سے حاصل کیے گیے سیوریج کے پانی کے ان نمونوں کے کیمیائی تجزیے کے دوران انکشاف ہواکہ کراچی کے ان تینوں ٹاؤنز کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس موجود ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال مجموعی طور پر حاصل کردہ 77 فیصد نمونوں میں وائرس کاانکشاف ہواہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے کراچی کے گڈاپ ٹاؤن کے مختلف علاقوں سے گزرنے والے سیوریج کے نالوں سے 18 سیوریج کے پانی کے نمونے حاصل کیے تھے۔
جبکہ گلشن اقبال کے سیوریج کے پانی سے 13 اور بلدیہ کے سیوریج کے پانی سے بھی 13 نمونے حاصل کیے گیے، سیوریج کے پانی کے کیمیائی تجزیے کے دوران گڈاپ کے علاقوں سے حاصل کیے جانے والے سیوریج کے پانی کے نمونوں میں سے 10 نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔
گلشن اقبال کے 13 میں سے 10 سیوریج کے پانی کے نمونوں اوربلدیہ کے 6 پانی کے نمونوں میں بھی پولیووائرس کی تصدیق کی گئی ہے، سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس تیزی سے بڑھ رہا ہے جس پر ماہرین طب نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے۔
کہ کراچی میں پولیو وائرس کا خطرہ بدستور موجود ہے جو کسی بھی وقت اپنے پھیلاؤ کا سبب بن سکتاہے، محکمہ صحت ہفتہ میں 2 روز انسداد پولیو مہم شروع کرے تاکہ تیزی سے پھیلنے والے پولیو وائر پر قابو پایا جاسکے جبکہ اس سلسلے میں غفلت برتنے والے محکمہ صحت کے افسران کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔