شام : داعش نے فلسفے اور کیمیا کی تعلیم پر پابندی لگا دی

Syria

Syria

دمشق (جیوڈیسک) شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش نے اپنے زیر قبضہ علاقوں کے تعلیمی اداروں میں فلسفے اور کیمیا کی تعلیم پر پابندی عائد کر دی، اس پابندی کی زد میں شمالی شام کے شہر رقا کے تعلیمی ادارے آئیں گے۔

شامی مبصر گروپ کی رپورٹ کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش نے اپنے بیان میں رقا شہر کے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے منتظمین کو حکم دیا ہے کہ وہ اسلام کے مطابق نظام تعلیم ترتیب دیں۔

اساتذہ اور تعلیمی اداروں کی جانب سے ترتیب دیئے گئے نظام تعلیم پر داعش کاقائم کردہ بورڈ نظر ثانی کرے گا۔ تنظیم نے اساتذہ کی تنخواہوں کو معقول بنانے کی بات بھی کی ہے۔

فلسفے اور کیمیا کی تعلیم پر پابندی کے جواز میں داعش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ دونوں مضامین خدا کے بنائے گئے قوانین کے منافی ہیں۔ یاد رہے کہ قبل ازیں داعش کے زیر قبضہ علاقوں میں ایسے متعدد تعلیمی اداروں کو بند کیا جا چکاہے جو شامی حکومت کے زیر انتظام تھے۔

واضح رہے کہ خودساختہ خلافت کی دعویدار داعش شام اور عراق میں اپنے زیر قبضہ علاقوں میں شرعی قوانین نافذ کر چکی ہے۔ داعش نے غیر مسلم اقلیتوں کو جزیہ دینے کا حکم دیا تھا اور جزیہ ادا نہ کرنے کی صورت میں علاقہ چھوڑ جانے کا کہا تھا۔