اسلام آباد (جیوڈیسک) انقلابی دھرنے کے ہزاروں شرکاء پانچویں روز بھی پنڈال میں موجود ہیں ، کہتے ہیں انقلاب لائے بغیر واپس نہیں جائیں گے ، ڈاکٹر طاہر القادری آج چار بجے کارکنوں سے خطاب کریں گے اور الٹی میٹم ختم ہونے کے بعد کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
بم ڈسپوزل سکواڈ ڈاکٹر طاہر القادری کے خطاب کیلئے بنایا گئے سٹیج کے اطراف سرچنگ کر رہا ہے جبکہ سٹیج کے اردگرد علاقے کی بھی سرچنگ جاری ہے۔ سی سی ٹی وی کیمرہ کی مدد سے جلسوں کی نگرانی کا عمل بھی جاری ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے انقلابی جلسے کے شرکاء تازہ دم ہو کر پھر جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ جلسہ گاہ میں ہزاروں کارکنان جن میں مرد، خواتین اور بچے موجود ہیں۔ عوامی تحریک کے کارکنان خشک خوراک، کپڑے اور دیگر اشیاء بھی ساتھ لائے ہیں۔
کارکن انقلاب لانے کیلئے پرعزم ہیں۔ عوامی تحریک کے قائد کی جانب سے مطالبات کی منظوری کیلئے دی گئی اڑتالیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن آج ختم ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری آج شام چار بجے کارکنوں سے خطاب کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ دوسری جانب حکومت کی مذاکراتی کمیٹیاں آج طاہر القادری سے ملاقات کر کے انہیں قائل کرنے کی کوشش کریں گی۔