کوئٹہ (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق سینیٹر حاجی لشکری رئیسانی کا کہنا ہے کہ کینیڈا سے آنے والے مذہبی رہنما کو غیر آئینی مطالبات اور محض نام کے انقلاب کے ذریعے دارالحکومت اسلام آباد میں انتشار پھیلانے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔
پیر کو خبر رساں ادارے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری برائے نام انقلاب کے ذریعے پاکستان کے عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔
رئیسانی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جاری تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے ریلی ڈرامے نہ صرف ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں بلکہ ا س سے ملک کو ترقی و استحکام کی جانب گامزن کرنے کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کی کوششیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
انھوں نے الزام لگایا کہ طاہر القادری ملکی سلامتی اور استحکام کومتاثر کرنے کے ایک خفیہ ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ رئیسانی نے طاہر القادری کی جانب سے نئے صوبوں کی تشکیل کے مطالبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ طاہر القادری کو پاکستان میں جمہوریت کو متاثر کرنے کے بجائے واپس کینیڈا چلے جانا چاہیے۔