ملتان میں لاکھوں روپے کی بینک ڈکیتی، مزاحمت پر 2 سیکیورٹی گارڈ جاں بحق

Bank

Bank

ملتان (جیوڈیسک) جنرل بس اسٹینڈ کے قریب واقع نجی بینک سے ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر فرار جب کہ مزاحمت کرنے پر 2 سیکیورٹی گارڈ بھی جاں بحق ہو گئے۔

ملتان میں جنرل بس اسٹینڈ کے قریب واقع ایک نجی بینک میں 6 ڈاکو اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے اندر داخل ہو گئے لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی گارڈ موقع پر ہی جاں بحق جب کہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کو ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج چل بسا۔ ڈاکوؤں نے بینک کے قریب ہی کھڑی پولیس وین پر بھی فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔

بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بینک سے لوٹی جانے والی رقم کا تعین کیا جا رہا ہے جب کہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کا محاصرہ کر کے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔